ایرانی صدر حسن روحانی نے انکشاف کیا ہے کہ اب تک ڈھائی کروڑ شہری کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ ساڑھے 3 کروڑ ایرانیوں کے وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اب تک کورونا وبا کے ہاتھوں 14 ہزار ایرانی موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ امکان یہی ہے کہ 3 سے ساڑھے 3 کروڑ شہری وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں۔
کورونا وائرس کا علاج، سوشل میڈیا پر پھیلی افواہ نے 300 ایرانیوں کی جان لے لی
ایران کے سرحدی محافظوں نے 50 افغان مہاجرین کو دریا میں پھینک دیا
انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک کورونا کے 2 لاکھ مریض اسپتالوں میں داخل کیے جا چکے ہیں۔
اس سے قبل ایران کی وزارت صحت نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ اب تک ملک بھر میں 2 لاکھ 69 ہزار 440 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
صدر روحانی کے بتائے گئے اعدادوشمار وزارت صحت کی رپورٹ سے کہیں زیادہ ہیں تاہم انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی۔
یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں کورونا وبا سے متاثر ممالک میں ایران سرفہرست ہے، پاکستان میں بھی ابتدائی طور پر ایران سے واپس آنے والے زائرین سے کورونا وائرس پھیلنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
حکومت پاکستان پر اس حوالے سے مسلسل تنقید کی جاتی رہی ہے کہ اس نے ایران سے لوٹنے والے زائرین کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی اور انہیں ٹیسٹ کرائے بغیر اپنے گھروں میں واپس آنے دیا۔
وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری خصوصاً الزامات کی زد میں رہے ہیں، اپوزیشن اور میڈیا کا کہنا تھا کہ زائرین کو بغیر ٹیسٹ اور قرنطینہ کیے اپنے گھروں کی جانب بھیجنے کے لیے انہوں نے اپنا اثرورسوخ استعمال کیا تھا۔