کورونا کے باعث ماسک زندگی کا ایک لازمی جزو بن چکا ہے، دنیا کی کئی کمپنیاں رنگارنگ کے ماسک تیار کر رہی ہیں، بلاول بھٹو زرداری کا اجرک کی طرح کا ماسک بھی سوشل میڈیا پر زیربحث رہا ہے۔
تاہم پہلی بار بیش قیمت کپڑے اور ہیروں سے جڑا ہوا ماسک مارکیٹ میں آیا ہے جس کی قیمت 87 ڈالر سے 185 ڈالرز کے درمیان بتائی جا رہی ہے، پاکستانی روپوں میں دیکھا جائے تو یہ 30 ہزار تک کی قیمت کا ماسک ہے۔
بلجیئم کے ڈیزائنرز نے یہ ماسک تیار کیا ہے، برسلز کی اسٹائلسٹ آدی ڈاوولف نے ایک اور اسکارف ماسک تیار کیا ہے جس میں لائنن، کیشمیری اور دوسرا قیمتی سامان استعمال کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں اپنی ماں سے متاثر ہوں جنہیں اپنی گردن بالکل پسند نہیں ہے۔ اس ماسک کے ذریعے آپ اپنی گردن بھی ڈھانپ سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آپ گاڑی میں بیٹھ کر اس ماسک کو نیچے کر سکتے ہیں اور دکان پر پہنچ کر واپس چہرے کو ڈھانپ سکتے ہیں۔
مختلف قسم کے بیش قیمت کپڑے سے تیار کردہ یہ ماسک وہ 185 ڈالرز میں فروخت کر رہی ہیں۔
گارمنٹ کا کام کرنے والی اولیویا ہئینات نے ان کی مہارت کو استعمال کرتے ہوئے ہیرے جواہرات اور ریشمی پھولوں سے ماسک تیار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ ماسک روزمرہ استعمال کے لیے نہیں ہیں، انہیں کسی پارٹی یا شادی کی تقریب کے لیے تیار کیا گیا ہے، کورونا وبا کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس قسم کے ماسک کے پیچھے یہ خیال تھا کہ ایک اداس کر دینے والے معاملے کو لطف اور مزے میں بدل دیا جائے۔