لاہور: ایک خاتون کانسٹیبل کو ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی کانسٹیبل وفا توقیر لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنایا کرتی تھیں جن کا علم ہونے پر اعلیٰ افسران نے اس کا نوٹس لے لیا اور تحقیقات شروع کر دیں۔
ڈی ایس پی کے عہدے کے افسر نے اس معاملے کی تحقیقات کیں اور ثبوت ملنے پر پولیس کے اعلیٰ افسران نے انہیں ملازمت سے برطرف کر دیا۔
برطرفی کے بعد کانسٹیبل وفا توقیر نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے محکمے نے ظلم کا پہاڑ توڑ دیا ہے۔
انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ویڈیوز بنانے کا شوق رکھتی ہیں لیکن انہیں اپنے موبائل تک محدود رکھتی ہیں، ٹک ٹاک پر وائرل ہونے والی ویڈیو انہوں نے تربیت حاصل کرنے کے دوران 8 ماہ قبل بنائی تھی۔
جیو نیوز کے مطابق وفا توقیر نے بتایا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ویڈیو کس نے ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کر دی اور وہ وائرل ہو گئی۔