ایک طرف حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کے لیے بجٹ نہیں ہے اور دوسری طرف پنجاب کی ضلعی عدلیہ کے ججز اور عدالتی عملے کے ماہانہ الاؤنس میں بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی گریڈ 21 سے گریڈ 22 میں ترقی کا دورانیہ 10 سال سے کم کر کے 7 سال کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر تمام ملازمین و افسران کے لیے 10 سال کا دورانیہ برقرار ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ضلعی عدلیہ کے اہلکاروں اور افسروں کے یوٹیلٹی الاؤنس میں اضافہ کر دیا گیا ہے، پہلے اسکیل سے اسکیل 6 تک کے ملازمین کے الاؤنس میں 3 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد یہ 3 ہزار سے 6 ہزار روپے ہو گیا ہے۔
اسی طرح 7ویں اور 8ویں اسکیل کا الاؤنس 4 ہزار سے 6 ہزار، 9ویں اسکیل سے 14ویں اسکیل کا الاؤنس 4 ہزار سے 8 ہزار، 15ویں اسکیل کا الاؤنس 4 ہزار سے 10 ہزار کر دیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ 16ویں اسکیل کا الاؤنس 4 ہزار سے بڑھا کر 14 ہزار، 17ویں اسکیل کا 5 ہزار سے 15 ہزار، 18ویں اسکیل کا 5 ہزار سے 20 ہزار کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح 19ویں اسکیل کا الاؤنس 8 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کر دیا گیا ہے جبکہ 20ویں اسکیل اور اس سے اوپر کے ملازمین کا الاؤنس 8 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار کر دیا گیا ہے۔