امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس بریفنگ کے دوران شکوہ کیا ہے کہ انہیں کوئی پسند نہیں کرتا جبکہ ان کے ساتھ کام کرنے والے ڈاکٹر فاؤچی کی اپروول ریٹنگ بہت بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ میری شخصیت ہی ہو سکتی ہے۔
امریکی صدر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہم نے ڈاکٹر فاؤچی کی بہت سی تجاویز تسلیم کی ہیں اور انہوں نے ہمارے کئی اقدامات کو سراہا ہے، وہ اس وقت بھی ہماری انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس کے باوجود یہ حیرت انگیز بات ہے کہ ڈاکٹر فاؤچی کی پسندیدگی کا گراف بلند ہے جبکہ ہمارا کم ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکہ میں کورونا وبا اور معاشی نقصانات میں مزید اضافہ ہوا ہے، الیکشن ملتوی کرنے کی صدر ٹرمپ کی تجویز کو ان کی اپنی جماعت کے کئی افراد نے مسترد کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ سے پہلے آنے والے تین سابق صدور نے ری پبلکن پارٹی کے نمائندے آنجہانی جان لیوس کی آخری تقریبات میں شرکت کی مگر صدر ٹرمپ اس موقع پر غائب تھے جس پر کافی تنقید کی گئی۔
اسی طرح ٹرمپ کی خطوط کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی روایت کو ختم کرنے کی کوششوں پر بھی ان کی جماعت کے کئی افراد کو تشویش ہے کیونکہ اس سے خود ان کے حمایتیوں کے ووٹ کم ہو سکتے ہیں۔
یہ اور ان جیسی دیگر بے شمار وجوہات کی بنا پر صدر ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی دیکھی جا رہی ہے جس کا شکوہ بالآخر انہوں نے بریفنگ کے دوران کیا ہے۔