وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر فیصل سلطان کو اپنا معاون خصوصی برائے صحت مقرر کر دیا ہے۔
مارچ میں وزیراعظم نے انہیں شوکت خانم کے سی ای او کے عہدے سے ہٹا کر کورونا کے متعلق اپنے ترجمان کے طور پر منتخب کیا تھا۔
تانیہ ایدروس، ڈاکٹر ظفر مرزا اپنے عہدوں سے مستعفی
عید کے بعد وزیراعظم کے مزید مشیروں کے استعفوں کا امکان
گزشتہ ہفتے ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ وہ معاونین خصوصی کے متعلق منفی تنقید کے باعث استعفیٰ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ عالمی ادارہ صحت چھوڑنے کے بعد وزیراعظم کی ذاتی دعوت پر پاکستان آئے تھے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ میں نے پوری دیانت داری اور محنت سے کام کیا ہے، مجھے اطمینان ہے کہ میں اس وقت چھوڑ رہا ہوں جب قومی سطح کی عظیم کاوشوں کی بدولت کورونا پاکستان میں کم ہو رہا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئی تھیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنی دہری شہریت کے معاملے پر ہونے والی تنقید کے باعث عہدے سے استعفیٰ دے رہی ہیں۔
ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ میری شہریت کی وجہ سے ریاست پر ہونے والی تنقید سے ڈیجیٹل پاکستان کے مقاصد متاثر ہو رہے تھے۔
تانیہ ایدروس نے مزید کہا کہ وسیع تر قومی مفاد میں انہوں نے معاون خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، انہوں نے اپنے استعفیٰ کی تصویر بھی ٹویٹ کے ساتھ لگائی ہے۔