وائٹ ہاؤس کے کورونا ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ میں وبا کا غیرمعمولی پھیلاؤ نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جس میں وائرس نے شہروں کے ساتھ ساتھ دیہاتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
ڈاکٹر ڈیبورا برکس کا کہنا ہے کہ ہم اب ایک نئے مرحلے کا سامنا کر رہے ہیں، جو کچھ آج ہم دیکھ رہے ہیں یہ مارچ اور اپریل سے مختلف ہے، یہ ایک غیرمعمولی پھیلاؤ ہے جو شہروں اور دیہاتوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر وہ شخص جو دیہی علاقوں میں رہ رہا ہے اسے معلوم ہونا چاہیئے کہ وہ اس وائرس سے محفوظ نہیں ہے۔
برکس وائٹ ہاؤس کی ٹاسک فورس کی کوآرڈینیٹر ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وبا کے شکار علاقوں میں رہنے والوں کو گھر کے اندر بھی ماسک پہننا چاہیئے تاکہ وہ معمر افراد اور پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا اہلخانہ کو کورونا سے محفوظ رکھ سکیں۔
اسسٹنٹ ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز سیکرٹری ایڈمرل برٹ گیرائر نے بھی ماسک پہننے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم ایسا نہیں کریں گے تو وائرس اپنے حملے جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس اب تک 46 لاکھ امریکیوں کو متاثر کر چکا ہے اور اس سے ایک لاکھ 55 ہزار اموات واقع ہو چکی ہیں۔
برکس کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران 14 ریاستوں کا دورہ کیا ہے اور جو کچھ انہوں نے دیکھا ہے وہ بہت تشویش میں مبتلا کرنے والا ہے۔