امریکہ میں ایک 9 سالہ لے پالک بچے کی انٹرویو وڈیو وائرل ہونے کے بعد اسے گود لینے والوں کی درخواستیں 5000 سے تجاوز کر گئی ہیں۔
فصیلات کے مطابق امریکی ریاست اوکلاہوما میں ایک 9 سالہ لڑکے کی جانب سے ویڈیو کے ذریعے ایک نئی فیملی کے ساتھ رہنے کی التجا کی گئی جس کے نتیجے میں بہت سارے لوگوں نے لڑکے کو اپنانے کی پیشکش اور خواہش کا اظہار کیا۔
امریکہ میں جولائی کے مہینے میں ایک مقامی نیوز اسٹیشن کے فور کو انٹرویو کے بعد نوعمر لڑکے جارڈن نے لوگوں کے دل جیت لیے۔
جارڈن گزشتہ 6 برس سے فوسٹر کیئر میں رہ رہا ہے، اس کے انٹرویو کی ویڈیو یوٹیوب پر ایک لاکھ 40 ہزار بار دیکھی گئی جس میں جارڈن سے اس کی تین خواہشات سے متعلق پوچھا گیا۔
جارڈن نے جواب دیا کہ میں صرف فیملی، فیملی اور فیملی چاہتا ہوں اور صرف یہی میری تین خواہشات ہیں۔ یہ اس لیے اہم ہے کیونکہ میں چاہتا ہوں میرے پاس کوئی اپنا ہو جس کے ساتھ میں کسی بھی وقت کوئی بھی بات کر سکوں۔
اس نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں آپ میں سے کوئی ایک مجھے اپنانے کو تیار ہو جائے گا۔ میں صرف ایک فیملی چاہتا ہوں تاکہ میں بھی ماں اور باپ کو بلا سکوں، یا پھر صرف باپ اور صرف ماں۔۔ مجھے اس کی پرواہ نہیں۔
جارڈن کے چھوٹے بھائی کو گزشتہ برس کسی نے اپنایا لیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اب ان دو بھائیوں کی ملاقات زیادہ نہیں ہوتی جبکہ اس سے پہلے وہ ایک دوسرے سے ملتے جلتے رہتے تھے۔
ماضی میں جارڈن کو اپنانے کے لیے کچھ خاندانوں نے دلچسپی کا اظہار کیا تھا لیکن اوکلاہوما فوسٹر کئیر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کچھ انکشافات کے بعد ان لوگوں کی درخواستیں مسترد کر دی گئی تھیں۔
فوسٹر کیئر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے اس وائرل ویڈیو کی وجہ سے 5000 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن پر ہم کام کر رہے ہیں تاکہ جارڈن کو ایک اچھے ماحول اور بہتر فیملی کے ہمراہ بھیجا جائے۔