بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے نئے کیسز کی ریکارڈ تعداد رپورٹ ہوئی ہے، حکام کے مطابق ملک بھر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 30 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ملک بھر میں گزشتہ 4 روز سے 60 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ تعداد 69 ہزار 878 ہو گئی جبکہ مجموعی طور پر کورونا وبا سے 29 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
وائرس سے ہونے والی اموات بھی ایک ہزار روزانہ کے قریب ہے، گزشتہ روز 945 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 55 ہزار 794 ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں 57 لاکھ 96 ہزار مریض سامنے آ چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 79 ہزار 200 افراد اس وبا کے ہاتھوں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
لاطینی امریکہ کا ملک برازیل بھی بری طرح کورونا کا شکار ہے جہاں 35 لاکھ 36 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں، اموات کی تعداد ایک لاک 13 ہزار 454 ہو چکی ہے۔
بھارت اس وقت کورونا سے متاثرہ تیسرا بڑا ملک ہے، ماہرین کا خیال ہے کہ چند روز بعد مریضوں کی تعداد برازیل سے بھی بڑھ جائے گی۔