ریاض : سعودی عرب کی ریاستی کمپنی آرامکو نے چین میں 10 ارب ڈالرز کی مالیت کی آئل ریفائنری لگانے کا معاہدہ معطل کر دیا ہے۔
یہ ریفائنری چین کے شمال مشرقی صوبے لائیاننگ میں قائم ہونی تھی، کمپنی کا کہنا ہے کہ تیل کی کم ہوتی قیمتوں کی وجہ سے وہ اپنے اخراجات میں کمی لا رہی ہے اور اسی وجہ سے یہ معاہدہ معطل کیا گیا ہے۔
معاہدے پر اس وقت دستخط ہوئے تھے جب گزشتہ برس فروری میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چین کا دورہ کیا تھا، اس معاہدے میں چائنا نارتھ انڈسٹریز گروپ اور پنجب سنسن دیگر شراکت دار تھے۔
دونوں ممالک کے میڈیا نے اس وقت معاہدے کو تاریخی قرار دیا تھا، سعودی حکومت ایشیاء کی مارکیٹس میں اپنا حصہ بڑھانا چاہتی تھی، اس نے اپنے ملک میں چینی سرمایہ کاری کی بھی حوصلہ افزائی کی تھی۔
تیل کی گرتی قیمتوں اور کورونا وبا کے باعث توانائی کی طلب میں کمی نے مختلف کمپنیوں کے منصوبوں کو متاثر کیا ہے، آرامکو اپنے اخراجات میں بڑی کمی لانے کی کوشش کر رہی ہے۔