بیٹری پر چلنے والی گاڑیوں کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ٹیسلا کا سیڈان 3 ماڈل مارکیٹ پر چھایا ہوا ہے جبکہ آڈی اے جی اور ہنڈائی موٹرز بھی میدان میں موجود ہیں۔
ان تمام کمپنیوں کا فوکس بڑی گاڑیاں ہیں جو مسافروں کے لیے بھی استعمال ہو سکتی ہیں اور سپورٹس کاروں کے طور پر بھی انہیں چلایا جا سکتا ہے، ان میں سے کچھ ایک ہی چارج پر 570 کلومیٹرز تک کا فاصلہ طے کر سکتی ہیں۔ یہ گاڑیاں کافی مہنگی ہیں اور مارکیٹ کی پریمئیم سطح میں شامل سمجھی جاتی ہیں۔ ان کی بیٹریاں بھی بہت بڑی ہیں۔
اب ہنڈا کمپنی نے بھی الیکٹرک کاروں کی مارکیٹ میں قدم رکھ دیا ہے تاہم ان کا ماڈل چھوٹی بیٹری والی مختصر کار ہے جو ایک بار چارج کرنے کے بعد 280 کلومیٹرز کا سفر طے کر سکتی ہے اور شہر کے اندر سفر کرنے کے لیے بہترین ہو گی۔
ہنڈا کمپنی کے چیف انجینیئر اکینوز نے رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر الیکٹرک گاڑیاں بڑی بیٹریاں استعمال کرتی ہیں لیکن شہر میں ڈرائیو کرتے وقت ان بیٹریوں کی مکمل صلاحیت استعمال نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں شہر کے اندر سفر کرنے کے لیے ایسی گاڑیاں زیادہ مناسب نہیں ہیں، ہمارا یقین ہے کہ شہروں کے لیے چھوٹی گاڑیاں زیادہ بہتر ہیں۔
دو دروازوں کی حامل ہنڈا کی کار 1960 کے مشہور ماڈلز این 360 اور این 600 کی یاد دلاتی ہے اور اس کی قیمت 39 ہزار ڈالرز ہے جو پاکستانی روپوں میں 65 لاکھ روپے بنتی ہے۔
اکینوز کے مطابق ہنڈا کے انجینئرز نے کوشش کی ہے کہ گاڑی کو تنگ گلیوں میں یوٹرن لینے میں کوئی مسئلہ نہ ہو، اس کے سائیڈ مررز ختم کر کے گاڑی کے اندر سے ہی پیچھے دیکھنے کا نظام موجود ہے تاکہ پارکنگ کے وقت تنگی نہ ہو۔
ابھی یہ ماڈل اکتوبر کے آخر میں صرف یورپ اور جاپان میں ہی فروخت کیا جائے گا، امریکہ اور چین میں کمپنی کا اسے متعارف کرانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔