سندھ، خصوصاً کراچی، اور بلوچستان میں حالیہ مون سون بارشوں نے تباہی پھیلا دی ہے جس سے قیمتی جانوں کے نقصانات کے ساتھ ساتھ کاروبار زندگی بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔
سندھ حکومت، کراچی کی شہری حکومت اور وفاقی حکومت، سب شدید تنقید کی زد میں ہیں، کراچی سے سامنے آنے والی ہولناک تصاویر اور ویڈیوز نے حکومتوں کی نااہلی عیاں کر کے رکھ دی ہے۔
اس صورتحال میں محکمہ موسمیات نے ہفتے سے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کو سندھ میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو گا جو پیر تک جاری رہے گا، صوبہ بلوچستان بھی اس کی زد میں آ سکتا ہے۔
سندھ، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، شہید بینظیرآباد، میرپور خاص، عمر کوٹ، سانگھڑ، سکھر، دادو اور لاڑکانہ سمیت دیگر کئی شہروں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار اور پیر کو بلوچستان میں لس بیلا، خضدار، آواران، بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، کوہلو اور سبی میں بارشوں کا امکان ہے۔
پنجاب میں بہالپور، رحیم یار خان، خان پور، ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازیخان، خانیوال اور ساہیوال میں بھی گرچ چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے وارننگ دی ہے کہ بارشوں کا نیا سلسلہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، میر پورخاص اور بدین میں شہری سیلاب کا باعث بن سکتا ہے۔ اسی طرح لس بیلا، سبی، خضدار، قلات اور ڈیرہ غازیخان کے علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔