اسکاٹ لینڈ میں ایک منفرد نسل کی بھیڑ کی نیلامی ہوئی جس میں خریداروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور آخر کار وہ 3 لاکھ 68 ہزار پاؤنڈز میں فروخت ہوئی جو پاکستانی روپوں میں 8 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔
اسکاٹ لینڈ کے قصبے لینارک میں ڈبل ڈائمنڈ نامی بھیڑ کے مالک چارلی بوڈن نے نیلامی کا آغاز ایک لاکھ پاؤنڈز سے کیا اور جلد ہی خریداروں کے درمیان جنگ جیسا ماحول پیدا ہو گیا جس میں ایک کے بعد دوسرا کسان بولی بڑھاتا گیا۔
اس سے قبل کسی بھی بھیڑ کی فروخت کا ریکارڈ 2 لاکھ 30 ہزار پاؤنڈز تھا جو 2009 میں قائم ہوا تھا۔
اس نسل کی بھیڑوں کا تعلق ہالینڈ کے ایک چھوٹے سے جزیرے ٹیکسل سے ہے جو دنیا کے مختلف حصوں میں بھاری قیمت پر فروخت کی جاتی ہے۔
ڈبل ڈائمنڈ کو 3 کسانوں نے مشترکہ طور پر خرید کیا ہے، انہیں امید ہے کہ وہ اس کی افزائش نسل کے ذریعے کئی گنا زیادہ رقم کما لیں گے۔
ایک خریدار نے سکائی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیکسل بھیڑ ایک اسپیشل جانور ہے، اس پر بہت سے خریداروں کی نظریں جمی ہوئی تھیں، یہ ایک بہت شاندار جانور ہے جس میں کئی خصوصیات موجود ہیں جن میں سے کئی کا تعلق افزائش نسل سے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ بہت زیادہ رقم ہے اور چند کسان ہی اسے خریدنے کی سکت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈبل ڈائمنڈ کی عمر 6 ماہ ہے اور اسے مختلف ریوڑوں میں چھوڑا جائے گا تاکہ یہ بھیڑوں کی مختلف نسلوں کے ساتھ ملاپ کر سکے۔