سعودی عرب نے واٹس ایپ کی مقامی متبادل ایپلیکیشن پر ٹیسٹنگ شروع کر دی ہے، ایک برس کے اندر اسے استمعال کیا جا سکے گا۔
نیشنل سنٹر فار انفارمیشن سیکیورٹی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر باسل العمیر نے بتایا کہ یہ نیا پلیٹ فارم سعودی عرب کے مقامی ماہرین تیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ایپ پوری طرح محفوظ ہو گی، اس میں انکرپشن الگورتھم استعمال کیا جائے گا تاکہ سیکیورٹی کے خطرات سے اسے پوری طرح محفوظ رکھا جا سکے۔
العمیر کا کہنا تھا کہ ابھی اس ایپ کا ٹرائل ورژن چل رہا ہے اور اسے ایک برس کے اندر لانچ کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر تجارتی ایپس کا ڈیٹا بیرونی سرورز پر محفوظ ہوتا ہے اور غیرملکی ایجنسیاں اسے کنٹرول کرتی ہیں، ان میں ایسے چور دروازے ہو سکتے ہیں جنہیں دریافت کرنا بہت مشکل کام ہے۔
ڈاکٹر باسل کے مطابق سعودی عرب کی مقامی ایپ سو فیصد ملکی ماہرین کی تیارکردہ ہو گی اور اس میں کسی قسم کے چور دروازے نہیں ہوں گے جس کے باعث ڈیٹا کے خفیہ رہنے کی مکمل ضمانت مل سکے گی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ فی الحال وہ حکومتی ایجنسیوں، اداروں اور کمپنیوں کے لیے یہ ایپ تیار کر رہے ہیں۔
سعودی عرب کا مقامی پلیٹ فارم ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور اسمارٹ فونز پر کام کر سکے گا، چونکہ ڈیٹا مقامی سرورز پر محفوظ ہو گا اس لیے معلومات کے بیرون ملک کسی کے ہاتھ لگنے کا خطرہ ختم ہو جائے گا۔