پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن نے 5 ڈیٹنگ اور لائیو سٹریمنگ کرنے والی ایپلی کیشنز بلاک کر دی ہیں۔
پی ٹی کے مطابق ان میں ٹنڈر، ٹیگڈ، اسکاؤنٹ، گرنڈر اور سے ہائے شامل ہیں جنہیں غیر اخلاقی، غیر مہذب اور منفی مواد اپلوڈ کرنے کی وجہ سے بلاک کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی اے اور پب جی کمپنی کے مذاکرات کامیاب، آن لائن گیم پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ
پی ٹی اے نے ہدایت کی ہے کہ یہ کمپنیاں اپنے پلیٹ فارمز سے ڈیٹنگ کی خدمات کو ختم کر دیں، براہ راست جاری ہونے والے مواد کو پاکستان کے مقامی قوانین کے مطابق ماڈریٹ کرنے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پلیٹ فارمز نے مقررہ وقت کے اندر نوٹسوں کا جواب نہیں دیا جس کے بعد اتھارٹی نے مذکورہ ایپلیکیشنز کو بند کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مقامی قوانین پر عمل کرتے ہوئے ماڈریٹ کرنے کی یقین دہانی کرائے جانے پر پر اس حکم پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی ٹی اے نے معروف گیم پب جی اور لائیو سٹریمنگ بیگو لائیو پر پابندی عائد کر دی تھی، بعد ازاں کمپنیوں کی جانب سے رابطہ کرنے اور اتھارٹی کے قواعد کی پابندی کرنے کی یقین دہانی کے بعد یہ پابندیاں ہٹا دی تھیں۔