بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک ہو گیا اور اس پر ریلیف فنڈ میں کرپٹوکرنسی میں چندے کی اپیل کی ٹویٹس شروع ہو گئیں۔
ٹویٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اکاؤنٹ کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کر لیے ہیں۔
نریندر مودی کا اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد اس پر پی ایم نیشنل ریلیف فنڈ میں کرپٹوکرنسی میں چندہ دینے کی اپیلیوں کے ٹویٹس شروع ہو گئے تھے جنہیں بعد ازاں ہٹا لیا گیا۔
بھارتی وزیراعظم کے اس اکاؤنٹ کے 25 لاکھ فالورز ہیں، یہ ان کی ذاتی ویب سائیٹ کا ٹویٹر ہینڈل بھی ہے، تاہم ان کا ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ، جس کے 6 کروڑ سے زائد فالورز ہیں، محفوظ ہے۔
ٹویٹر کے ترجمان نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم اس صورتحال کا سرگرمی سے جائزہ لے رہے ہیں، ابھی تک ہمیں کسی اضافی اکاؤنٹس کے متاثر ہونے کا علم نہیں ہے۔
دو ماہ قبل بھی ٹویٹر پر مشہور شخصیات کے 130 اکاؤنٹس کے ہیک ہونے کی اطلاعات آئی تھیں، ان میں باراک اوبامہ، جو بائیڈن، ایلن مسک اور بل گیٹس کے اکاؤنٹس شامل تھے۔
ہیکرز نے ٹویٹر کے اندرونی نظام تک رسائی حاصل کر کے اس حملے میں لوگوں سے ایک لاکھ ڈالرز ہتھیا لیے تھے جس کے بعد ٹویٹر انتظامیہ نے اس نظام تک رسائی محدود کر دی تھی۔