بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت کو قتل کی دھمکیوں کے بعد وزارت داخلہ نے وائے پلس کور سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے، اعلیٰ سطح کی یہ سیکیورٹی بھارتی چیف جسٹس اور کانگریس کے بعض اراکین کے لیے مخصوص ہے۔
بھارتی حکام کے مطابق وائے پلس کور سیکیورٹی اب تک صرف 15 افراد کو دی جا رہی ہے، اگر کنگنا بھی اس کا انتخاب کرتی ہیں تو وہ ان شخصیات میں شامل ہو جائیں گی۔
کنگنا رناوت کے بالی وڈ کے متعلق نئے انکشافات، اتالیق پر نشہ پلانے کا الزام
اداکارہ نے انکشاف کیا تھا کہ بالی وڈ کے کئی اداکار منشیات فروش ہیں جبکہ بہت سے غیرقانونی دھندوں میں ملوث ہیں۔
ان انکشافات کے بعد کنگنا رناوت کو قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں، انہوں نے مرکزی حکومت سے تحفظ کی اپیل کی تھی جس کے بعد انہیں سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔
کنگنا کے ٹویٹر پر انکشاف کیا تھا کہ فلم انڈسٹری میں سب سے مقبول نشہ کوکین کا ہے جو گھروں میں منعقد ہونے والی تقریباً تمام پارٹیوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اگرچہ یہ بہت مہنگا نشہ ہے لیکن جب آپ معروف لوگوں کے گھر پارٹیوں میں جاتے ہیں تو یہ مفت فراہم کیا جاتا ہے، ایم ڈی ایم اے کے ٹکڑے پانی میں ملا دیے جاتے ہیں اور کئی بار آپ تک بغیر بتائے یہ پانی پہنچا دیا جاتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ سشانت سنگھ بھی کئی ناپاک رازوں سے آگاہ تھے، اس وجہ سے انہیں قتل کر دیا گیا۔