حکومت نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے افسر ساجد گوندل کے معاملے پر 3 رکنی اعلی سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
کمیٹی کے اراکین میں وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر، وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری اور سیکرٹری داخلہ شامل ہیں۔ کمیٹی وزیراعظم کو تحقیقات کے متعلق رپورٹ پیش کرے گی۔
سابق صحافی اور ایس ای سی پی کے افسر ساجد گوندل لاپتہ ہو گئے
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ کو حکم دیا تھا کہ ساجد گوندل کی گمشدگی کا معاملہ کابینہ کے سامنے رکھا جائے، وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں لاپتہ افسر کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔
پولیس کے اعلیٰ افسران نے ایس ای سی پی کے کئی ملازمین کو تفتیش کے دائرے میں شامل کر لیا ہے، تفتیشی ٹیموں نے گمشدگی کے مقام کا بھی جائزہ لیا۔
دوسری جانب ساجد گوندل کے اہلخانہ نے وزیراعظم ہاؤس کے باہر احتجاج کیا، ان کی اہلیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ان کی مدد کرے اور ان کے شوہر کو بازیاب کرائے۔
یاد رہے کہ سیکیورٹیز اینڈ کمیشن آف پاکستان (ایس ہی سی پی) کے جوائنٹ ڈائرکٹر ساجد گوندل جمعرات سے لاپتہ ہیں، پولیس کو ان کی سرکاری گاڑی کلٹس برنگ سلور رجسٹریشن نمبر 469 GAE جمعہ کو ایک زرعی تحقیقات مرکز کے باہر ملی تھی۔
ساجد گوندل ڈان اخبار میں صحافی کے طور پر فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں، بعد ازاں انہوں نے ایس ای سی پی میں ملازمت اختیار کر لی تھی۔