موٹروے پر خاتون سے ڈاکوؤں کی زیادتی کے واقعہ میں پولیس کو اہم شواہد مل گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگل سے خاتون کی سونے کی انگوٹھی اور گھڑی مل گئی ہے جنہیں فنگر پرنٹ تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
موٹروے پر خاتون سے زیادتی، پولیس کا ملزموں کے قریب پہنچنے کا دعویٰ
جیو نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون سے زیادتی کے بعد ڈاکو انہیں کھائی کی طرف لے گئے تھے جہان ان سے زیورات اور نقدی لوٹی، اس دوران گھڑی اور انگوٹھی گر گئیں جو پولیس کو مل گئی ہیں۔
میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت
گجرپورہ زیادتی کیس میں خاتون کی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت ہو گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 5 کلومیٹر کے علاقے میں چھان بین کی ہے اور 20 مشتبہ افراد کی تفتیش کی ہے جبکہ 7 افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا ہے۔
پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج سے کوئی سراغ نہیں مل سکا تاہم 3 مقامات کی جیو فنسنگ کر لی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں ایک خاتون سے زیادتی کی گئی جو موٹروے پر کار کا پٹرول ختم ہونے کی وجہ سے رکی ہوئی تھیں، ان کے دو بچے بھی ساتھ تھے۔
کار کا پٹرول ختم ہونے پر وہ اپنے شوہر کا انتظار کر رہی تھیں، موٹروے پولیس کو فون کیا تو مبینہ طور پر انہیں یہی جواب ملا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔
اس دوران دو افراد نے گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور ان کے بچوں کو باہر نکالا اور قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر بچوں کے سامنے خاتون سے زیادتی کی اور ان سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔اس واقعہ پر پورے ملک میں احتجاج شروع ہو گیا اور پولیس پوری تندہی سے مجرموں کی تلاش کر رہی ہے۔