لاہور موٹر وے پر خاتون کیساتھ جنسی زیادتی کے واقعے کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
آئینی درخواست اسلام آباد کی دو خواتین وکلاء کی طرف سے جہانگیر جدون کے ذریعے دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے حاضرسروس جج کی نگرانی میں جوڈیشل کمیشن قائم کر کے اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔
موٹروے زیادتی کیس، آئی جی پنجاب نے ملزم کی گرفتاری کی تردید کر دی
درخواست میں سی سی پی او لاہور محمد عمر شیخ کو عہدے سے ہٹانے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں وفاق، آئی جی پنجاب، آئی جی موٹر ویز اور سی سی پی او لاہور کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان اُن 10 ممالک میں شامل ہے جہاں جنسی زیادتی کے واقعات سب سے زیادہ رونما ہوتے ہیں، پنجاب میں ایک سال کے دوران 14 ہزار 850 خواتین، بچوں اور بچیوں کے اغوا اور جنسی زیادتی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کو جنسی زیادتی کے واقعے کی موثر تحقیقات کر کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے، پولیس اور متعلقہ حکام کو شہریوں کے تحفظ کیلئے 24 گھنٹے موٹر ویز اور ہائی ویز میں مکمل تحفظ کا جامع منصوبہ بنانے کا حکم دیا جائے، متاثرہ خاندان اور جنسی زیادتی کی شکار خاتون کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے۔