تھانہ کورال کی حدود میں دو موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شہری سید رضا نقوی جاں بحق ہو گئے۔
مقتول NBPفنڈز بھٹی پلازہ گلبرگ میں سیلز منیجر تھے، وہ آج صبح جب اپنے آفس کے باہر پہنچے تو دو موٹرسائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی جس سے ان کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق وقوعہ کی سی سی ٹی فوٹیج حاصل کر کے ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے اور ملزمان کے خلاف تھانہ کورال میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس ذرائع اس قتل کی وجہ ذاتی رنجش بتا رہے ہیں۔
بعد ازاں آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے واقعہ کا نوٹس لیا اور وقوعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کی سربراہی میں دو تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ایک ٹیم کی نگرانی ایس ایس پی سی ٹی ڈی ڈاکٹر سید مصطفیٰ تنویر جبکہ دوسری ٹیم کی قیادت ایس پی رورل زون فاروق امجد بٹر کریں گے۔ دونوں تفتیشی ٹیمیں اس واقعہ کے تمام پہلوؤں پر تحقیقات کریں گی۔
آئی جی اسلام آباد کے ترجمان کے مطابق ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل بروئےکار لائیں گے۔