سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی نے تنبیہ کی ہے کہ کورونا کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر اسکول عمل نہیں کر رہے، ایسا لگ رہا ہے کہ اسکول بند کرنا پڑیں گے۔
انہوں نے ایگرو ٹیکنیکل گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نیوکراچی کے دورے کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر محسوس ہوا کہ معاملات درست نہیں چل رہے تو اسکول بند کرنے میں دیر نہیں کریں گے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اورنگی ٹاؤن میں 4 اسکولز ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کے باعث بند کیے ہیں، یہ بہت افسوس کی بات ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کے اسکولوں اور کالجوں میں 13 ہزار طلبہ کے ٹیسٹ ہو چکے ہیں جن میں 88 طلبہ کا ریزلٹ مثبت آیا ہے، بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور معاملات درست سمت میں نہ چلتے محسوس ہوئے تو اسکول بند کرنے میں دیر نہیں لگائیں گے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ آج بھی اسکولوں کا دورہ کیا تو بچوں نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے، سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر این سی او سی اور وزیراعلیٰ سندھ سے بات کریں گے۔
یاد رہے کہ تقریباً 7 ماہ کی بندش کے بعد ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھول دیے گئے ہیں تاہم بہت سے اسکولوں اور کالجوں میں ایس او پیز ہر عملدرآمد نہ کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔