عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ اکتوبر اور نومبر میں یورپ کورونا سے شدید متاثر ہو سکتا ہے اور ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
یورپ میں ڈبلیو ایچ او کے ڈائرکٹر ہانس کلوگ نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ ویکسین آنے سے وبا ختم ہو جائے گی، ہمیں علم نہیں کہ ویکسین ہر فرد کے لیے یکساں کارآمد ہو گی یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت کئی ممالک یہ بات نہیں سننا چاہتے، ہم ان کی خواہش کو سمجھ سکتے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کا خاتمہ اسی وقت ہو گا جب ہم اس کے ساتھ جینا سیکھ لیں گے۔
صحت کے عالمی ادارے نے کہا ہے کہ یورپ میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ تشویشناک ہے جہاں ایک ہفتے میں 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس وقت کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ساڑھے 9 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ سے اوپر ہو چکی ہے۔
اس وقت تک دنیا بھر میں 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 73 لاکھ 59 ہزار ہے۔
امریکہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں 2 لاکھ 2 ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور مریضوں کی تعداد 68 لاکھ 74 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔