اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی قیمت 8 ہزار400 روپے رکھی گئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ایمرجنسی میں استعمال ہونے والی 94 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کابینہ اجلاس کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں 17 نکات شامل تھے جن پر گفتگو ہوئی اور اہم فیصلے کیے گئے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ زیادتی کے متعلق قوانین میں خامیوں کی وجہ سے ملزمان بچ جاتے ہیں، ایسے افراد کو سخت ترین سزائیں ملنی چاہئیں، انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں اس حوالے سے قوانین کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
توانائی کے شعبے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات ہو رہے ہیں، اس معاملے پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی سستی کرنے کے لیے معاہدے کرنا چاہتی ہے تاکہ عوام کو سہولت میسر آئے اور گردشی قرضوں کا بوجھ کم ہو، اس حوالے سے کچھ روز میں مزید تفصیلات بتائی جائیں گی۔
سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ماضی میں بجلی کے مہنگے معاہدے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کے باعث کمرشل صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔