میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔
آصف زرداری اور فریال تالپور ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے جبکہ عبدالغنی مجید ویڈیو لنک پر عدالت میں موجود رہے۔
پارک لین کیس، عدالت کا آصف زرداری پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
تمام ملزمان نےعدالت کے سامنے صحت جرم سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر مزید سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔
احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ حاضری کے لیے دستخط کے ساتھ انہیں الزامات کی فرد جرم بھی دے دی جائے۔ فرد جرم عائد ہونے کے بعد فریال تالپور کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر عدالت نے گواہان میں احسن اسلم، محمد عاطف اور منظور حسین کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے آصف زرداری سمیت تمام ملزمان پر پارک لین کے ضمنی ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 5 اکتوبر تک مؤخر کردی۔
پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری نے متفرق درخواستیں جمع کرائی ہوئی تھیں جن کی وجہ سے فرد جرم عائد ہونے میں مسلسل تاخیر ہوتی رہی تاہم گزشتہ سماعت میں ان تمام درخواستوں کو خارج کر دیا گیا تھا۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پارک لین کمپنی کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدی جس کی اصل مالیت 2 ارب روپے ہے مگر اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔