وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف نے اپنی باقی زندگی لندن میں گزارنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ 31 دسمبر تک ملک لوٹنے والے جیلوں میں ہوں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر تک ملک کو لوٹنے والے جیل کی رونق بڑھائیں گے۔ منی لانڈرنگ کرنے والے چوروں نے ملک کا پیسہ لوٹا ہے، مہنگائی کے اصل مجرم بھی یہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھارت کا بیانیہ پیش کررہے ہیں، انہیں چاہیے کہ سب سے پہلے کورٹ کو عزت دیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت میں بیرون ممالک سے کالز کی جاتی تھیں اور ڈان لیکس کے پیچھے نوازشریف کا ہاتھ تھا۔ انہوں نے اپنا جمہوری گلہ خود دبایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ابھی تک میرے 10 سوالوں کے جواب نہیں دیے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں نے نے سارا زور فروری کے مہینے میں لگانا ہے لیکن اسے سے پہلے 30 دسمبر تک جھاڑو پھر جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف نے خواب میں بھی 50 ہزار افراد جمع نہیں کیے ہوں گے، یہ صرف مدرسے کے طلبا کو ورغلا رہے ہیں۔
شیخ رشید نے اعلان کیا کہ جس جگہ اپوزیشن اپنا جلسہ کرے گی، میں بھی اسی جگہ پر جلسہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سینیٹ انتخابات میں فتح حاصل کر کے اپوزیشن کی سیاست کا خاتمہ کر دے گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان ڈٹے ہوئے ہیں اور ڈٹے رہیں گے، وہ ان سب کو نکیل ڈالیں گے اور 31 دسمبر تک ملک کو لوٹنے والے جیل کی رونق بڑھائیں گے۔