اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کو یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 4 فیصد فی لیٹر کمی کی تجویز دی ہے۔
اوگرا کی جانب سے حکومت کو بھجوائی گئی تجاویز میں کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے اس لیے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کی تجاویز میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو روپے فی لیٹر تک کی کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ اس حوالے حکومتی فیصلے کا کل تک اعلان کر دیا جائے گا۔
اوگرا نے سفارش کی ہے کہ پٹرولیم لیوی کی شرح بڑھا کر قیمتیں برقرار رکھی جاسکتی ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے یا برقرار رکھنے کا فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے ہو گا، وزارت خزانہ اس معاملے پر متعلق حتمی اعلان کل کرے گی۔
یاد رہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرنے کا دورانیہ ایک ماہ سے کم کر کے 15 دن کر دیا ہے جس کے بعد مہینے میں دو بار قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکی تجویز مسترد کر دی تھی۔
30 جولائی کو اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں سات روپے اور ڈیزل کی قیمت میں آٹھ روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز حکومت کو بھجوائی تھی۔ پیٹرول اور ڈیزل کے علاوہ اوگرا نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافے کی تجویز دی تھی۔
اوگرا نے تجاویز30 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی کی بنیاد پر ارسال کی تھیں۔ پٹرول کی قیمت میں 26 روپے70 پیسے پیٹرولیم لیوی شامل تھا۔