کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسپتال داخل کر دیا گیا ہے۔
انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے امریکہ کے ایک فوجی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے، ان کی اہلیہ میلینا ٹرمپ ابھی تک گھر پر ہی قرنطینہ میں ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملینیا ٹرمپ کورونا کا شکار ہو گئے
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ میں کورونا کی درمیانہ درجے کی علامات ظاہر ہوئی ہیں، انہیں بخار ہے جبکہ سینے میں درد ہے اور کھانسی کا مسئلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق ان بیٹی ایوانکا، داماد اور نائب صدر کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے بیشر پروگرام ملتوی کر دیے گئے ہیں جبکہ کچھ کو ورچوئل میں بدل دیا گیا ہے، خاتون اول کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو چند روز اسپتال میں ہی رہنا پڑے گا اور وہیں سے وہ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ انہیں آکسیجن کی ضرورت نہیں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اسپتال منتقلی کے پہلے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام بھی پوسٹ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے اور اپنی اہلیہ کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دینے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
امریکی صدر کی عمر 74 برس ہے جس کی وجہ سے انہیں وائرس سے نمٹنے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، وزن زیادہ ہونا بھی ان کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔