قومی احتساب بیورو(نیب) نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی جانب سے اپنے خاندان کے افراد کو دیے گئے کروڑوں روپے مالیت کے تحائف کی تفصیلات جاری کر دیں۔
نیب کی دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے اپنی اہلیہ اور بچوں کو 24 کروڑ 22 لاکھ 77 ہزار 400 روپے تحائف میں دئیے ہیں۔
اسی طرح شہباز شریف نے بیٹوں سے 4 کروڑ 26 لاکھ 80 ہزار678 روپے تحفے میں وصول بھی کیے ہیں۔
شہباز شریف نے اپنی اہلیہ نصرت شہباز کومختلف موضع جات میں 749 کنال اراضی تحفے میں دی۔
اس کے علاوہ انہیں 867 کنال 18 مرلے اراضی والدہ سے جب کہ 748 کنال 19 مرلے اراضی والد سے تحفے میں بھی ملی ہے۔
نیب دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے بیٹے سلمان شہباز کو 17 کروڑ 12 لاکھ 38 ہزار 200 روپے تحفے میں دیئے۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے بیٹے اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو 2013 میں ایک کروڑ 7 لاکھ روپے اور 2015 میں 2 کروڑ روپے بطور تحفہ دیئے۔
نیب کی جانب سے جاری دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے 2015 میں تہمینہ درانی کو ڈیفنس میں 2 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کا پلاٹ تحفے میں دیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے 2015 میں ہی تہمینہ درانی کو ہری پور میں کاٹیچ اور گھر خریدکر دیا جن کی مالیت ایک کروڑ 63 لاکھ 39 ہزار 200 ظاہر کی گئی ہے۔