امریکی صدر اور ان کے ڈیموکریٹک حریف جوبائیڈن کے درمیان ہونے والے انتخابی مہم کے آخری مباحثے کے دوران ٹرمپ نے بھارت کو غلیظ، گندہ اور بے ہودہ قرار دے دیا حالانکہ اس سے قبل ٹرمپ بھارتی ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کرتے رہے ہیں۔
خیال رہے امریکہ میں مقیم 40 لاکھ بھارتی شہریوں میں سے 25 لاکھ کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے، یوں بھارتی شہری کسی بھی امیدوار کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
چند روز قبل ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم مودی کے ساتھ دوستی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی شہری مجھے ہی ووٹ دیں گے۔ امریکی صدارتی انتخابات کی تاریخ میں شاید پہلی بار کسی بھارتی وزیراعظم کے ساتھ تشہیری مہم کی ویڈیو جاری کی گئی ۔
بھارتی شہر احمد آباد میں نمستے ٹرمپ جیسے پروگراموں میں مودی اور ٹرمپ کی تقریروں کی جھلکیاں بھی پیش کی گئیں۔
ٹرمپ نے بھارتی نژاد ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے ہندوؤں اور سکھوں کے الگ الگ گروپ بھی تشکیل دیئے، تاہم امریکی انتخابات کے آخری مباحثے کے دوران ٹرمپ نے بھارت کیلئے جن الفاظ کا استعمال کیا اس سے یقینی طور پر ان کا بھارتی ووٹ بینک متاثر ہو گا۔
تاحال اس کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے کہ ٹرمپ نے بھارت کے خلاف ایسے الفاظ کیوں استعمال کئے ہیں؟