دبئی میں پولیس اہلکار کو رشوت کی پیشکش کرنے والا پاکستانی شہری مشکل میں پڑ گیا۔
دبئی میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کے جرم میں گرفتار پاکستانی شہریت کے حامل شخص نے پولیس کی تحویل سے فرار ہونے کیلئے پولیس اہلکار کو رشوت کی پیش کش کر دی۔
مجرم کی طرف سے پولیس اہلکار کو مرسڈیز، رولیکس کمپنی کی گھڑی، 50 ہزار درہم ایڈوانس جبکہ 20 ہزار درہم ماہانہ تنخواہ دینے کی پیش کش کی گئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پولیس اہلکار نے سوچنے کیلئے وقت کا بہانا کرکے اپنے ڈائریکٹر سے بات کی، اس دوران زیرحراست شخص نے پولیس اہلکار سے فون لے کر ایک شخص کو فون کیا تو ایک گھنٹہ بعد دو افراد 15 ہزار درہم لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔
یوں پولیس نے منظم منصوبہ بندی کے تحت رقم لے کر آنے والے دونوں افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔
تفتیش کے دوران ایک شخص نے بتایا کہ قیدی اس کا عزیز ہے جبکہ دوسرے نے واقعے سے مکمل لا علمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے صرف ساتھ چلنے کیلئے کہا گیا تھا۔
دبئی پولیس نے تفتیش کے بعد رقم لانے والے دونوں افراد کو چھوڑ دیا ہے تاہم رشوت کی پیشکش کرنے والا مجرم مزید دو سال تک جیل میں رہے گا۔
واضح رہے دبئی پولیس کی طرف سے پاکستانی شہریت کے حامل مذکورہ شخص کو جون 2020 میں دبئی میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا تھا، نے مجرم کو دوسال قید اور 50 ہزار درہم کی سزا سنائی تھی۔