سعودی شہری نے تیز رفتار گاڑی مسجد الحرام کے بیرونی دروازے سے ٹکرا دی۔
سعودی میڈیا کے مطابق واقعہ جمعہ کی شب کو پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے تاہم واقعے میں کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں واضح طور ہر دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز رفتار گاڑی پلاسٹک کی رکاوٹوں کو توڑتی ہوئی مسجد الحرام کے صحن سے گزرتی ہوئی بیرونی دروازے سے جا ٹکرائی۔
جونہی گاڑی مسجد الحرام کے بیرونی دورازے سے ٹکرائی سکیورٹی اہلکار فوری گاڑی کے پاس پہنچے، ٹکرانے سے گاڑی کا انجن کا حصہ شدید متاثر ہوا جسے سکیورٹی اہلکار چند افراد کی مدد سے باہر لے جاتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔
مسجد الحرام کے صحن میں گاڑی لے جانے کی کوشش کرنے والے شخص کا تعلق سعودی عرب سے ہے جسے سعودی سکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کر لیا ہے۔
گورنریٹ مکہ ریجن کے ترجمان سلطان الدوسیری کے مطابق ڈرائیوڑ کا ذہنی توازن درست نہیں تھا جبکہ ڈرائیور کو تفتیش کے لئے پبلک پراسکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
مسجد الحرام میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے فوری بعد سکیورٹی حکام کی جانب سے گاڑی کو جائے حادثہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔