فرانس اور کینیڈا میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہو گئے ہیں، زخمیوں میں ایک چرچ کا پادری بھی شامل ہے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کینیڈا کے شہر کیوبک میں پارلیمنٹ کے باہر چاقو کے وار کر کے 2 افراد کو ہلاک جبکہ 5 کو زخمی کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے ایک 20 سالہ مشکوک نوجوان کو گرفتار کر کے اسپتال منتقل کر دیا ہے اور عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں رات کے ساڑھے 10 بجے اس حملے کی اطلاع ملی تھی، حملہ آور نے قرون وسطیٰ کے دور کا لباس پہنا ہوا تھا۔
پولیس نے 3 گھنٹے بعد نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
فرانس میں دہشتگردی
دہشتگردی کا دوسرا واقعہ فرانس کے شہر لیون میں پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آور نے ایک چرچ کے باہر فائرنگ کرکے پادری کو زخمی کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق شام چار بجکر چار منٹ پر پادری پر اس وقت دو فائر کیے گئے جب وہ چرچ بند کر رہے تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ سے پادری کو زخمی کرنے والا حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے اور اس کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یہ فرانس میں دو ہفتوں کے دوران ہونے والا تیسرا حملہ ہے۔ جمعرات کو فرانس کے نیس شہر میں ایک چرچ کے قریب حملہ ہوا تھا۔ حملے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔