پاکستانی بلے باز بابر اعظم کے پاس زمبابوے کے خلاف کھیلی جانے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں اپنی پہلی پوزیشن واپس لینے کا شاندار موقع ہے۔
کرکٹ سے متعلق خبروں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کرکٹ پاکستان نے لکھا ہے کہ بابر اعظم 7 ستمبر سے شروع ہونے والی ٹی ٹونٹی سیزیر میں آئی سی سی کی انٹرنیشنل رینکنگ میں پہلی پوزیشن واپس حاصل کر سکتے ہیں۔
زمبابوے کے خلاف راولپنڈی میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز میں 26 سالہ بلے باز نے مجموعی طور پر 221 رنز بنائے تھے جن میں تیسرے ون ڈے میں اسکور کی گئی شاندار سنچری بھی شامل ہے۔
گزشتہ دو سال سے آئی سی سی انٹرنیشنل کی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں سرفہرست رہنے والے بابر اعظم اب دوسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
انگلینڈ کے ڈیوڈ میلان نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں فتح کے بعد رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
دوسری جانب آل راونڈر عماد وسیم بھی باولرز کی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں، زمبابوے کے خلاف سیریز میں عماد وسیم بھی بالنگ اٹیک میں بہتری لا کر اپنی پوزیشن بہتر بنا سکتے ہیں۔
عماد وسیم انڈر 19 ورلڈ کپ 2016 جیتنے والی قومی ٹیم کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔ لیفٹ آرم اسپنر 2017 اور 2018 کے دوران 146 دن کے لیے نمبر ون بالر رہ چکے ہیں۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے اوپنر فخرزمان بھی زمبابوے کے خلاف اپنی پوزیشن میں بہتری لا سکتے ہیں۔
فخرزمان آئی سی سی کی رینکنگ میں 22ویں نمبر پر موجود ہیں۔
لیگ اسپنر شاداب خان انجری کے باعث پہلے ٹی ٹونٹی کا حصہ نہیں ہوں گے لیکن ان کے پاس بھی نویں نمبر سے دوسرے نمبر پر جانے کا اچھا موقع ہے۔
زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شاداب خان کی شرکت کا فیصلہ صحیح وقت پر کیا جائے گا۔
دو سال قبل چھٹی پوزیشن پر رہنے والے فہیم اشرف اس وقت 32ویں نمبر پر موجود ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان مختصر فارمیٹ کے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 7 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
سیریز کا دوسرا میچ آٹھ نومبر اوت تیسرا میچ 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ سیریز کے تینوں میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیزیز میں گرین شرٹس نے زمبابوے کو شکست دی تھی۔
پاکستان نے سیریز کے پہلے دونوں میچ جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل کی تھی۔
سیریز کا تیسرا میچ زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے نام کر لیا تھا۔