وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو سرکس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ مجھے اس لیے بلیک میل کررہے ہیں تاکہ میں نیب ختم کردوں اور ان کی چوری چھپ جائے۔
حافظ آباد میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے 30 سال ملک کو لوٹا ہے، یہ خود تو امیر سے امیر تر ہوتے گئے لیکن عوام غریب سے غریب تر ہو گئے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے دور میں نیب کا کردار ایک غلام کا تھا لیکن یہ ادارہ ہمارے دور میں آزاد ہے۔
وزیراعظم نے اپوزیشن کو مخاطب کر کے کہا کہ آپ جان لیں، آپ سب کا مقابلہ میرے ساتھ ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں بیمار تھے لیکن جونہی لندن پہنچے، صحتیاب ہو گئے۔
پی ڈی ایم نے پاک فوج پر حملہ کیا ہے
عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن پر الزام عائد کیا ہے کہ جب ہم نے نیب کو ختم کرنے سے انکار کیا تو یہ لوگ عدلیہ، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو تنقید کا نشانہ بنانے لگے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف پر حملہ پوری فوج پر حملہ ہے۔ نون لیگ فوج میں بغاوت کرا کے اس ادارے کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نوازشریف بھارتی زبان بول رہے ہیں، اس سے میرا عزم مزید مضبوط ہو گیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپوزیشن میں بیٹھے میر جعفر، میر صادق اور ایاز صادق کو قانون کے دائرے میں لے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حافظ آباد یونیورسٹی اور ضلعی ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا کیونکہ یہ دونوں آپ کی ضرورت ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 2021 تک پنجاب کے تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ ملے گا جس کے ذریعے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کرا سکے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ امیر ترین ملکوں میں بھی یہ ہیلتھ سروس نہیں جو پاکستان میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت دوبارہ اس لیے ملی کیونکہ وہاں غربت 28 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد ہوگئی تھی۔