پاکستان میں کورونا وبا کی دوسری لہر شدت اختیار کرتی جا رہی ہے، ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 436 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ فعال کیسز 17 ہزار 804 تک جا پہنچے ہیں۔
کورونا کی پہلی لہر کے اختتام پر فعال کیسز کی تعداد پانچ اور چھ ہزار کے درمیان رہ گئی تھی مگر دوسری لہر کے آغاز میں یہ تیزی سے اوپر جا رہی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد تین لاکھ 43 ہزار 189 ہے، ان مریضوں میں سے تین لاکھ سے زائد صحتیاب ہو چکے ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 مریض انتقال کر گئے۔ جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 968 ہو گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 816 نئے کورونا کیسز سامنے آئے جبکہ 519 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز ملک بھر سے 32 ہزار 350 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 4.4 فیصد رہی۔
ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی دو کیسز 26 فروری 2020 کو سامنے آئے تھے۔ جس کے فوراً بعد ملک بھر میں اسکولوں کو بند کرنے کے ساتھ عوامی سطح پر مختلف پابندیاں لگائی گئی تھیں۔
جون کے آغاز میں ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
اس دوران حکومت کی جانب سے لاک ڈاون لگاتے ہوئے عوام کے گھروں سے نکلنے پر پابندی لگائی گئی تھی۔
صوبوں اور دارالحکومت کی صورتحال
حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے 255 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 21 ہزار 557 ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں وائرس سے مزید 2 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد دارالحکومت میں وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 238 ہو گئی ہے۔
پنجاب میں کورونا کے 369 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 577 ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 112 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مجموعی کیسز 40 ہزار 285 ہوگئے ہیں۔
بلوچستان میں 14 مزید افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ ایک مریض انتقال کر گیا ہے، صوبے میں مجموعی متاثرین 16 ہزار 41 جبکہ انتقال کر جانے والوں کی تعداد 154 ہو گئی ہے۔
آزاد کشمیر میں کورونا کے 109 کیسز کا اضافہ ہوا اور یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 703 ہوگئی۔
آزاد کشمیر میں وبا سے متاثرہ 2 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی تعداد 109 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان میں وبا سے مزید 15 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 4 ہزار 358 ہوگئی۔