سعودی عرب کی جانب سے محدود عمرہ کی اجازت کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے عمرہ پالیسی 2020 کے تحت نئے قوانین اور کرایوں کا اعلان کر دیا ہے جو رواں سال 31 دسمبر تک قابل عمل رہے گی۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق کراچی سے اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے عمرہ زائرین کیلیے کرایہ 91 ہزار روپے ہو گا جبکہ دوسرے شہروں سے سفر کرنے والے عمرہ زائرین کا کرایہ 96 ہزار روپے ہوگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے جدہ یا مدینہ سفر کرنے والے ہر مسافر کیلئے سامان کی زیادہ سے زیادہ حد صرف 36 کلو گرام رکھی گئی ہے۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ سسٹم کے تحت فلائٹس جاری رہیں گی تاہم مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق گروپ کی درخواستوں کا بھی خیال رکھا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق ایئر لائنز کی جانب سے عمرہ زائرین کے گروپس کے لیے بکنگ شروع کر دی گئی ہے اور کم سے کم 10 مسافروں پر مشتمل گروپ ہو گا۔
ایئر ٹکٹس کی میعاد روانگی کی تاریخ سے ایک ماہ بعد تک ہو گی۔
ایگزیکٹو اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے ایک مسافر کو 40 کلو گرام سامان لے جانے کی اجازت ہو گی جبکہ عمرہ زائرین کو اپنے ساتھ 5 لیٹر زم زم کا پانی لانے کی اجازت ہوگی جو سامان سے الگ ہو گا۔
نوزائیدہ بچوں کے ساتھ ہونے پر زائرین کو 10 کلو گرام مزید بیگیج الاؤنس (سامان) ساتھ لے جانے کی اجازت ہو گی۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق قواعد کے تحت اگر مسافروں کی جانب سے روانگی سے 7 دن قبل درخواست دی گئی تھی تو پی آئی اے پہلی مرتبہ کیلئے بغیر کسی اضافی چارجز کے مسافروں کو بکنگ میں تبدیلی کی سہولت فراہم کرے گی۔
اسی طرح ایوی ایشن حکام کی جانب سے ایئر لائنز کو کووڈ 19 کے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔