بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا جلد ریلیز ہونے والی ایک ویب سیریز میں بطور اداکارہ دکھائی دیں گی۔
بھارتی ویب سائٹ ‘فری پریس جرنل’ کے مطابق ثانیہ مرزا صحت کے مسئلے پر بنائی جانے والی ریئلٹی ڈیجیٹل ویب سیریزمیں اداکاری کریں گی۔
ثانیہ مرزا ایم ٹی وی کی سیریز ‘ایم ٹی وی نشیبد’ میں اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔
یاد رہے مذکورہ سیریز کو ٹی وی پر بھی نشر کیا جاتا ہے، اس سیریز کا پہلا سیزن جنوری 2020 میں نشر کیا گیا تھا۔
ایم ٹی وی کی پہلی سیریز میں آگے بڑھنے کی لگن کے دوران مختلف مسائل سے دوچار نوجوانوں کو دکھایا گیا تھا اور ساتھ ہی دکھایا گیا تھا کہ کس طرح نئی نسل کے لوگ اپنی جنسی خواہشات کی وجہ سے غلطیاں کر بیٹھتے ہیں۔
واضح رہے اس سیریز کے دوسرے سیزن کو بھی جلد نشر کیا جائے گا، ثانیہ مرزا اس سیریز کے دوسرے سیزن کی پانچوں قسطوں میں دکھائی دیں گی۔
مذکورہ سیریز کے دوسرے سیزن کی کہانی بھارت میں کورونا کے باعث نافذ ہونے والے لاک ڈاؤں کی وجہ سے مختلف بیماریوں اور خصوصی طور پر ٹی بی میں مبتلا افراد کی مشکلات کو دکھایا جائے گا۔
سیریز کی مرکزی کہانی ایک نئے شادی شدہ جوڑے کے مسائل کے درمیان گھرمتی ہے جو کورونا کی وجہ سے اچانک لاک ڈاؤن نافذ ہونے سے کئی مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔
ثانیہ مرزا مشکلات میں گھرے اس جوڑے کے مسائل کو سمجھنے اور انہیں حل کرنے کی کھوج لگانے سمیت بھارت میں ٹی بی کے مرض پر بھی بات کریں گی۔
واضح رہے ویب سیریز کی کہانی فکشن ہے تاہم اسے اس انداز میں بنایا گیا ہے کہ دیکھنے والوں کو اس کی کہانی اصل لگتی ہے۔
اس حوالے سے ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ سیریز کی کہانی بھارت میں تیزی سے بڑھتے ٹی بی کے مرض پر مبنی ہے اور انہیں امید ہے کہ سیریز آنے کے بعد لوگوں کو ٹی بی کے مرض کی مشکلات سمجھ آئیں گی۔
خیال رہے مذکورہ ویب سیریز کو رواں سال کے اختتام تک ریلیز کر دیا جائے گا۔
ثانیہ مرزا کی جانب سے اداکاری میں ڈیبیو کیے جانے کے بعد خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ممکنہ طور پر وہ مستقبل میں اداکاری کو ترجیح دیں گی۔