بھارتی اداکار آصف بسرا نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے، وہ اسٹیج، فلم اور ٹی وی کے معروف اداکار تھے، ان کی عممر 53 برس تھی۔
بھارت ذرائع ابلاغ کے مطابق آصف بسرا کی پھندا لگی نعش گھر میں لٹک رہی تھی، وہ ہماچل پردیش میں کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔
پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہی ہیں اور مختلف امکانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔
بھارت کی فلم انڈسٹری میں خودکشی کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، اس حوالے سے کئی اسکینڈلز بھی سامنے آئے تھے جن میں معروف فلم سازوں اور اداکاروں کی بالی ووڈ پر اجارہ داری اور اقربا پروری کے الزام عائد کیے گئے تھے۔
آصف بسرا نے شاہد کپور اور کرینہ کپور کے ساتھ فلم ‘جب وی میٹ’ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ انہوں نے بالی ووڈ کے دیگر بڑے ناموں کے ساتھ بھی فلموں میں کام کیا تھا جن میں رانی مکر جی، ہریتھک روشن اور عمران ہاشمی شامل ہیں۔
ان کی زندگی کا ایک اہم پہلو خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ کے ساتھ فلمم کائی پوچے میں کام کرنا بھی تھا۔
بھارتی فلم انڈسٹری کی ممتاز و معروف شخصیات نے آصف بسرا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ملک عدم جانے سے فلم انڈسٹری کو بھاری نقصان ہو گا۔