اسلام آباد: پاکستان کے وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران اشیائے خورونوش میں 0.07 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وفاقی ادارے کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آٹے سمیت گیارہ اشیا کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے جن میں ٹماٹر اور لہسن بھی شامل ہے۔
ٹماٹر کی قیمت میں 4.06 فی کلو جب کہ لہسن کی قیمت میں دو ورپے 38 پیسے کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
دیگر اشیا میں پیاز فی کلو 46 پیسے، گندم کا 20 کلو کا تھیلا 4 روپے 69 پیسے جب کہ مونگ کی دال 3 روپے 31 پیسے سستی کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
جس کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران آلو کی فی کلو قیمت میں 56 پیسے، چکن کی فی کلو قیمت میں 22 روپے 47 پیسے، انڈے 41 پیسے فی درجن جب کہ چینی کی ایک کلو قیمت میں 57 پیسے اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی ادارے نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران 16 اشیائے ضرورت ایسی رہی ہیں جن کی قیمتوں میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔
یاد رہے ادارہ شماریات کی جانب سے اس سے قبل جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستانی صحت کے مقابلے میں کپڑوں اور جوتوں پر زیادہ پیسے خرچ کرتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستانی عوام اپنی آمدنی کا 7.5 فیصد کپڑوں اور جوتوں پر جب کہ صحت پر 3.2 فیصد خرچ کرتے ہیں۔