ریاض: بیس اہم معیشتوں اور مرکزی بینک کے گورنروں کے سب سے بڑے اجلاس جی ٹونٹی سے قبل غریب ممالک کے قرضہ جات پرسود کی ادائیگی آئندہ سال تک معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی زیرصدارت ہونے والے جی ٹونٹی اجلاس میں وزرائے خزانہ کا ہنگامی اجلاس آن لائن منقعد کیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کی ادائیگی معینہ مدت تک موخر کر دیا جائے۔
اجلاس کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے بعد عالمی معیشت میں ایک بحران کی سی کیفیت پیدا ہوئی ہے، غریب ممالک نے اس بحران کی وجہ سے کافی نقصان اٹھایا ہے۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کورونا کی وبا نے غریب ممالک کا مستقبل تاریک کر دیا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ قرضہ لینے والے ملک کی درخواست پر قرضہ جات سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بھی باقاعدہ کارروائی کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق جی 20 نے غریب ممالک کی حکومتوں کو دیے گئے قرضوں کی تشکیل نو یا اس میں کمی کیلئے پہلی بار مشترکہ فریم ورک کے قیام پر اتفاق کرلیا ہے۔
اعلامیے میں امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ چین سمیت وہ تمام ممالک جنہوں نے غریب اور ترقی پذیر ممالک کو انفرادی طور پر قرضے دے رکھے ہیں وہ بھی جی 20 کی اس حکمت عملی پر عمل کریں گے جس کے تحت قرض کی واجب ادا رقم میں کمی اور ری شیڈولنگ کی جاسکتی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس نئے فریم ورک کی توثیق پیرس کلب نے بھی کی ہے تاہم جی 20 ممالک کے نئے فریم ورک کی حمتی منظوری اگلے ہفتے ریاض میں ہونے والے جی ٹوئنٹی کے ورچوئل سمٹ میں متوقع ہے۔
خیال رہے کہ جی ٹوئنٹی کی اس نئی ریلیف اسکیم سے وہ ممالک مستفید ہوسکیں گے جو اس سے قبل قرضوں کی ادائیگی میں تاخیر سے مستفید ہورہے ہیں اور ان میں پاکستان بھی شامل ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام ممالک جنہوں نے ترقی پذیر ممالک کو انفرادی طور پر قرضے دیے ہیں انہیں بھی جی ٹونٹی کے اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلے پر عمل کرنا ہوگا۔
ان ممالک کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ اپنی مرضی سے قرضہ جات میں کمی یا قرضوں کی واپسی کو کچھ وقت کے لیے موخر کر دیں۔
سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے ریاض میں ہونے والے جی ٹونٹی اجلاس میں آج ہونے والے فیصلے کی باقاعدہ توثیق کی جائے گی۔
اجلاس میں واضح کیا گیا تھا کہ مندرجہ بالا پالیسی پر عمل کرنے کے لیے قرضہ لینے والے اور دینے والے دونوں فریقین میں معاہدے طے کیے جائیں گے جن پر دستخط بھی کرائے جائیں گے۔
یاد رہے جی ٹونٹی یعنی گروپ آف ٹونٹی 20 مضبوط ترین معیشتوں کا ایک بین الاقوامی گروہ ہے جس کا اجلاس ہر سال منقعد کیا جاتا ہے۔
رواں سال جی ٹونٹی اجلاس کی میزبانی سعودی عرب کر رہا ہے، اجلاس 21 اور 22 نومبر کے درمیان ریاض میں منقعد کیا جائے گا۔