سپریم کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے 9 اعتراضات کر دیے ہیں جن کے خلاف اپیل کی سماعت 17 دسمبر کو مقرر کر دی گئی ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال اعتراضات کے خلاف اپیل پر ان چیمبر سماعت کریں گے
درخواست گزار کاشف سلیمانی نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ وزیراعظم صادق اور امین نہیں ہیں، وہ نیب کو آلہ کار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم کی اہلیے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور استدعا کی تھی کہ انہیں 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔
ان کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے 9 اعتراضات عائد کیے تھے جن کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔
رجسٹرار آفس کے اعتراضات
رجسٹرار آفس نے درخواست پر اپنے اعتراضات میں کہا تھا کہ اپیل کی زبان ناقابل فہم ہے، سپریم کورٹ رولز 1980 کے مطابق نہیں ہے۔
رجسٹرار آفس کا تیسرا اعتراض یہ تھا کہ درخواست میں واضح نہیں کہ کون سا عوامی مفاد متاثر ہوا ہے، اس کے ساتھ ساتھ یہ کہ درخواست گزار نے پہلے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا۔
رجسٹرار آفس نے پانچواں اعتراض یہ کیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت وزیراعظم پاکستان کو فریق نہیں بنایا جا سکتا۔
اس کے علاوہ دیگر اعتراضات کو بھی سامنے رکھتے ہوئے رجسٹرار آفس نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔
درخواست گزار نے ان اعتراضات کے خلاف اپیل دائر کی جس کی سماعت 17 دسمبر کو مقرر کر دی گئی ہے۔