معروف امریکی اداکار و ہدایت کار جارج کلونی نے ایک انٹرویو کے دوران جہاں اپنی زندگی کے چند دلچسپ رازوں سے پردہ اٹھایا وہیں انہوں نے اس بات کی بھی تفصیل بیان کی کہ کس طرح انہوں نے اپنے 14 قریب ترین دوستوں میں لاکھوں ڈالربانٹ دیے تھے۔
جارج کلونی معروف فلم کار اور کہانی کار بھی ہیں، وہ زیادہ لائم لائٹ میں رہنا پسند نہیں کرتے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اداکار کا زیادہ وقت اپنے بچوں اور اہلیہ کے ساتھ گزرتا ہے، ان کی اہلیہ امل کلونی بین الاقوامی انسانی حقوق وکیل ہیں۔
معروف فیشن میگزین جی کیو کو دیے گئے انٹرویو کے دوران انہوں نے پہلی بار ڈالر اسٹوری کی حقیقت بیان کی۔
انہوں نے بتایا کہ کس طرح وہ ایک نامعلوم مقام پر موجود وئیر ہاؤس میں گئے جہاں سے انہوں نے ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالرز (سوا 2 ارب روپے) کی رقم اٹھائی تاکہ وہ اپنے قریب ترین دوستوں کو یہ پیسہ دے کر حیران کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ شادی شدہ نہیں تھے نا ہی ان کی کوئی فیملی تھی، لہذا انہوں نے ایک کروڑ 40 لاکھ کی خطیر رقم کو بینک اکاونٹ میں محفوظ کرنے کی بجائے اپنے قریبی دوستوں میں بانٹ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے دوست میری زندگی کا سرمایہ ہیں، میں جو بھی ہوں اپنے دوستوں کی وجہ سے ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم سب دوست ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔
انہوں نے جی کیو کے زیچ بیرون کو بتایا کہ وہ ایک پرانی گاڑی کو چلا کر لاس اینلس کے پرانے ویئر ہاوس لے کر گئے جہاں انہوں نے رقم کے بڑے بڑے پیلٹس رکھے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پیلٹس 14 ملین ڈالر کی رقم سے بھرے ہوئے تھے، انہوں نے اپنے دوستوں کو فون کر کے اپنے گھر آنے کا کہا تاکہ وہ رقم ان کے حوالے کر کے انہیں حیران کر سکیں۔
انہوں نے اپنے دوستوں کے سامنے ایک نقشہ رکھا اور انہیں دنیا کی وہ تمام جگہیں دکھائی جہاں وہ صرف دوستوں کی وجہ سے جا سکے تھے۔
اپنے انٹرویو کے دوران انہوں نے جی کیو ایوارڈ ملنے پر دوستوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل میگن سٹالین اور ٹریور نوح بھی یہ ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔