ویٹی کن سٹی نے مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے نام سے بنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے برازیلی ماڈل کی تصویر لائیک کیے جانے کے بعد تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق پوپ فرانسس کے نام سے بنائے گئے اکاؤنٹ سے برازیلی ماڈل نتالیا گریبوتو کی نیم عریاں تصویر کو لائیک کیا گیا جس کے بعد پوپ فرانسس کے نام کا اسکرین شاٹ ہر طرف وائرل ہو گیا۔
ایک برطانوی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ ویٹی کن پریس دفتر کی جانب سے پوپ فرانسس کے اکاؤنٹ سے ماڈل کی تصویر کو پسند کئے جانے کے معاملے پر تفتیش کا اعلان کیا گیا ہے۔
برطانوی اخبار نے دعوی کیا کہ ماڈل کی تصویر پر لائیک کرنے والے افراد میں 13 نومبر تک پوپ فرانسس کے اکاؤنٹ کا نام بھی نظر آتا رہا، اسکرین شاٹ وائرل ہونے کے بعد تصویر کو ان لائیک کر دیا گیا تھا۔
دنیا بھر کے کیتھولک مسیحیوں کی جانب سے معاملے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، جن کی جانب سے یہ مطالبہ سامنے آیا ہے کہ پوپ فرانسس کا اکاؤنٹ چلانے والے شخص کو فوری طور پر برخاست کیا جائے۔
یاد رہے دیگر معروف سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی طرح پوپ فرانسس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بھی ایک ٹیم چلاتی ہے اور پوپ سے متعلق خبریں اور تصاویر شائع کرتی ہے۔
پوپ فرانسس کے انسٹاگرام پر 74 لاکھ فالوورز ہیں جب کہ ان کے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ایک کروڑ 80 لاکھ فالوورز ہیں۔
پوپ فرانسس کا ٹویٹر اکاؤنٹ بھی ان کی آفیشل ٹیم چلاتی ہے۔
ان کے فالوورز نے معاملے کی فوری طور پر تحقیق کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتنی غیرذمہ دار حرکت کرنے والے ملازمین کو کٹہرے میں لایا جائے۔