بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر روی چندرن ایشون نے پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ملین ڈالر پلیئر قرار دے دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کے ہمراہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بات کرتے ہوئے ایشون کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ملین ڈالر کھلاڑی ہے۔
قومی ٹیم کے تینوں فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم کے متعلق انہوں نے کہا کہ بابر نے آسٹریلیا میں سنچری اسکور کی، اس کو بیٹنگ کرتے دیکھنا ایک خوشگوار تجربہ ہوتا ہے۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ بابر اعظم یقیناً ایک بہترین بلے باز ہے، لیکن اس میں اتنا ٹیلنٹ ہے کہ وہ اپنی بیٹنگ کو مزید آگے لے جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو بین الاقوامی کرکٹ کھیلتے ہوئے صرف 5 سال ہوئے ہیں اور ایک کھلاڑی کو بہترین بلے باز بننے کے لیے 7 سے 8 سال کا وقت درکار ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے وقتوں میں بابر اعظم کی کارکردگی میں مزید نکھار نظر آئے گا۔
یاد رہے پاکستان سپرلیگ کے فائنل میں 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے بابر اعظم نے جہاں ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے راہ ہموار کی وہیں انہوں نے متعدد ریکارڈز اپنے نام لکھوا لیے ہیں۔
دو حصوں میں مکمل ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوران انہوں نے 473 رنز بنا کر مین آف ٹورنامنٹ کو اعزاز ابھی اپنے نام کیا ہے جس کے بعد وہ رواں سال سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
پورے ٹورنامنٹ کے دوران بابر اعظم تین مرتبہ مین آف دی میچ کا اعزاز بھی لے اڑے تھے۔
بابر اعظم نے اب تک 32 میچز میں 56.45 کی اوسط اور 136.63 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1242 رنز بنائے ہیں۔