سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مسلسل تنازعات جاری رہے ہیں جس کا مشاہدہ گزشہ برسوں میں بارہا دیکھا گیا ہے۔
اب ٹوئٹر نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اگر انتخابات میں شکست تسلیم نہیں کرتے تب بھی حلف برداری کے دن امریکہ صدر کا سرکاری ہینڈل نئے صدر جو بائیڈن کو دے دیا جائے گا۔
پوٹس (@POTUS) کا اکاؤنٹ امریکی صدر کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہوتا ہے جس کے ذریعے ڈونلڈ ٹرمپ متنازع ری ٹویٹس کرتے رہے ہیں، حلف برداری کے دن سے یہ اکاؤنٹ جو بائیڈن کے استعمال میں دے دیا جائے گا۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹوئٹر کے ترجمان نک پیچیلو نے ایک ای میل کے ذریعے پولیٹکو کو بتایا ہے کہ ٹوئٹر وائٹ ہاؤس کے انسٹیٹیوشنل اکاؤنٹس کی منتقلی کے لیے تیاری کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس اور امریکی انتظامیہ کے کئی سرکاری ٹوئٹر ہینڈلز تک رسائی بھی نئے آنے والے افراد کو دے دی جائے گی، اس میں خاتون اول اور پریس سیکرٹری کے اکاؤنٹس کے علاوہ دیگر وائٹ ہاؤس کے اکاؤنٹس شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ عمل قومی آرکائیوز کے مشورے سے کیا جا رہا ہے، ایسا 2017 میں بھی ہوا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ابھی تک انتخابات میں اپنی شکست تسلیم نہیں کر رہے تاہم وہ سیاسی سرگرمیوں کے لیے ذاتی اکاؤنٹ استعمال کرتے ہیں۔
امریکی صدر کے ذاتی اکاؤنٹ پر 8 کروڑ 80 لاکھ فالورز ہیں جبکہ ان کے آفیشل اکاؤنٹ پر 3 کروڑ 20 لاکھ فالورز ہیں۔
پوٹس کا اکاؤنٹ بڑے پیمانے پر صدر کے ذاتی اکاؤنٹ کے ساتھ ساتھ وائٹ ہاؤس کے دیگر اکاؤنٹس کو بھی ریٹویٹ کرتا ہے، اس وجہ سے یہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔