قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو سری لنکا کی پریمیئر لیگ کی ٹیم گال گلیڈی ایٹرزکا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔
لنکا پریمیئر لیگ کے حکام کے مطابق شاہد آفریدی کو اس سے قبل وکٹ کیپر بلے باز کی ذمہ داری سونپی گئی تھی جب کہ سرفراز احمد کو گلیڈی ایٹرز کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
سرفراز احمد کا نام دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا جس کے باعث انہیں لنکا پریمیئر لیگ سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔
سری لنکا کے ٹاپ آرڈر بلے باز بھنوکا راجاپکسا کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب دمبولا ہاکس ٹیم میں شامل سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل بھی کندھے کی انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں، کامران اکمل اسی وجہ سے پی ایس ایل میں بھی شرکت نہیں کر پائے تھے۔
پی سی بی حکام نے کندھے کی انجری کے باعث ان کی قائد اعظم ٹرافی میں بھی شرکت نا کرنے کا اعلان کیا تھا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے کامران اکمل کا کہنا تھا میں نے طبی ماہرین کے مشورے پر ٹورنامنٹ میں شرکت نا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہفتے کے روز میری فلائیٹ کنفرم تھے لیکن اس سے ایک روز قبل میری ایم آر آئی رپورٹس کی بنیاد پر ڈاکٹرز نے مجھے مشورہ دیا ہے کہ میدان کا رخ کرنے سے پہلے کچھ دن مکمل آرام کروں۔
یاد رہے لنکا پریمیئرلیگ 26 نومبر سے شروع کی جائے گی، سیریز کا فائنل 17 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 23 میچ کھیلے جائیں گے۔