وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عوامی مقامات پر فیس ماسک نہ پہننے پر 7 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان افراد کو جمعہ کے روز کرونا وائرس سے متعلق نافذ العمل ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔
گرفتار افراد سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ افراد گھروں سے باہر عوامی مقامات پر بغیر ماسک کے موجود تھے۔ کرونا ایس او پیز سے متعلق سخت ہدایات ہیں، جس میں کوئی نرمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد میں فیس ماسک نہ پہننے والوں پر 500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک اور کارروائی کے دوران 14 ریسٹورنٹس اور 6 دکانوں کو سیل کردیا گیا۔ متعلقہ ریسٹورنٹس اور دکانوں میں سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا گیا تھا۔ 14 متاثرہ ریسٹورنٹس اور 6 دکانوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کردیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے 30 دکانوں اور ریسٹورنٹس کا دورہ کیا گیا تھا۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوام سے سختی سے ایس او پیز پر عمل درآمد کرایا جائے اور شہر بھر کی نگرانی کی جائے۔
قبل ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں 21 نومبر کی صبح تک موصول اطلاعات کے مطابق 42 افراد کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں، جب کہ 2 ہزار 843 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔