وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کے لیے ایک اور پلیٹ فارم نیشنل یوتھ کونسل کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیشہ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے جہدوجہد کرتے رہے ہیں، نیشنل یوتھ کونسل کا قیام اس بات کا ثبوت ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ نئی تشکیل دی گئی کونسل کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے بعد ازاں ملک بھر سے پچاس نوجوانوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ منتخب شدہ نوجوان وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی ضرورت کے مطابق پالیسیاں بنائیں گے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ یوتھ ہمارا سرمایہ ہے، انہی نوجوانوں نے عمران خان کی جدوجہد کو کامیاب بنایا ہے۔
یوتھ کونسل کے سیلیکشن کے طریقہ کار کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ شفاف طریقے اور میرٹ کی بنیاد پر انتہائی قابل نوجوانوں کو انتخاب کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امیدوارکامیاب جوان کی ویب سائٹ سے اپلائے کریں جن میں سے بعد ازاں قابل اور محنتی نوجوانوں کو منتخب کر کے سامنے لایاجائے گا۔
یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے رواں برس مارچ میں بھی ٹائیگر فورس کے قیام کا اعلان کیا تھا۔
ٹائیگر فورس کے لیے ملک بھر سے نوجوانوں کو منتخب کیا گیا تھا جس کے بعد اس فورس کو کئی ذمہ داریاں بھی سونپی تھیں۔
اس فورس کی ذمہ داریوں میں نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کورونا لاک ڈاون کے دوران لوگوں کے گھروں میں راشن پہنچانا بھی شامل تھا۔
اس کے علاوہ فورس کو کہا گیا تھا کہ انتظامیہ کو جہاں ان کی مدد کی ضرورت پڑے وہ اپنی خدمات پیش کریں۔