پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف آج پشاور میں ہونیوالے پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب نہیں کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر ان سے ایک صارف نے اس حوالے سے سوال پوچھا تو مریم نواز نے جواب دیا کہ طبیعت کی خرابی کے باعث نواز شریف حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے پشاور میں ہونے والے جلسے سے خطاب نہیں کرسکیں گے۔
نوازشریف کو گردے کی شدید تکلیف، اسپتال منتقل کر دیا گیا
انہوں نے ٹویٹ میں بتایا کہ میاں صاحب ! پشاور میں خطاب نہیں کرسکیں گے کیوں کہ ابھی بھی بہت تکلیف ہے۔
چند روز قبل یہ اطلاعات آئی تھیں کہ نوازشریف گردے کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور انہیں اسپتال داخل کرا دیا گیا ہے، بیماری کے باعث وہ 17 نومبر کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔
اسپتال میں نوازشریف کا سی ٹی اسکین کیا گیا اور خون کے نمونے لیے گئے۔
مریم نواز نے ان کی بیماری کے متعلق ایک ٹویٹ میں بتایا کہ گردے کی شدید تکلیف کی وجہ سے انہیں اچانک اسپتال جانا پڑا جس کی وجہ سے وہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وہ اپنے والد کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ نوازشریف کے بیانیہ سے پی ڈی ایم کے رہنما بھی خوش نہیں ہیں اور کچھ روز قبل اجلاس میں خاصی گرما گرمی دیکھنے میں آئی اور اپوزیشن رہنماؤں کی بڑی تعداد نے نوازشریف کے بیانیہ سے اتفاق نہ کیا۔
کئی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ نوازشریف کے اداروں کے سربراہوں کے نام لے کر انہیں ہدف تنقید بنانے سے خود مسلم لیگ (ن) میں بھی اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔